لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کے امکانات ابھی موجود ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایشیا کپ کے انعقاد کی امید ابھی باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھارت کی برج، والی بال، بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان آ سکتی ہے تو کرکٹ ٹیم کیوں نہیں ؟
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کیا تو ہم نے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا اوربھارت سے کہا کہ وہ اپنے میچز کسی دوسرے وینیو پر کھیل لے، باقی میچز پاکستان میں ہونے چاہییں۔ ہم نے ایسا شیڈول دیا جو ہر صورت قابل قبول تھا۔ بھارت میں بھی حالات خراب ہوتے ہیں لیکن وہاں کرکٹ نہیں رُکتی۔ بھارت کو پاکستان میں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے،8 برس میں دنیا کے ٹاپ کھلاڑی پاکستان آ کر کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے موقف سے حیرانی ہوئی،ایک ماہ پہلے اے سی سی کی میٹنگ میں یہ دونوں بورڈز ہائبرڈ ماڈل کے حامی تھے۔ ایشیا کپ کا 80 فیصد ریونیو پاک بھارت میچ سے آتا ہے، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 میچز ہوتے ہیں، اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ جائیں تو 3 میچز ہوجاتے ہیں۔