کینیا اور صومالیہ نے بند سرحدی چوکیوں کو دوبارہ سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کینیا کے وزیر داخلہ کیتھورے کنڈیکی نے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں اپنے صومالی ہم منصب محمد احمد شیخ کے ساتھ مذاکرات کے بعد بیانات جاری کئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ مذاکرات میں دونوں ملکوں نے بند سرحدی چوکیوں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کنڈیکی نے کہا ہے کہ ہم 90 دن کے اندر اندر مانڈیرا، لامو اور گاریسا سرحدی چوکیوں کو کھولنے کا پروگرام رکھتے ہیں۔ ہمارا مقصد دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے سرحدی عوام کے درمیان بہت مماثلت پائی جاتی ہے لہٰذا ہمارا، سرحدی دخول و خروج میں، باہمی رابطے کو بحال رکھنا ضروری ہے۔ ہماری پہلی سرحدی چوکی 30 دن کے اندر اندر مانڈیرا میں اور 60 دن کے اندر اندر لامو میں کھولی جائے گی۔
واضح رہے کہ صومالیہ نے، ملکی معاملات میں مداخلت اور زمینی سالمیت کی خلاف ورزی کے الزام کے ساتھ ، 15 دسمبر 2020 کو کینیا کے ساتھ تمام سفارتی روابط منقطع کر دیئے تھے۔
بحیرہ ہند میں پیٹرول اور گیس کے وسیع ذخائروالے علاقے کی بحری حدود پر اختلافات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات خراب ہو گئے تھے۔
موغادیشو حکومت نے کینیا کو صومالیہ کے بعض صوبوں میں سیاسی مسائل میں مداخلت کا قصوروار ٹھہرایا تھا۔
گذشتہ سال ماہِ جولائی میں صومالیہ اورکینیا نے طویل سیاسی و سفارتی بحرانوں کو پیچھے چھوڑ کر باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کا فیصلہ کیا تھا۔