اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط ہونا چاہیے،عدالت کا کام یہ نہیں کے وہ پارلیمنٹ کے قانون پر حکم امتناعی جاری کرے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے جو لوگ ہنگاموں میں جاں بحق ہوئے وہ ان کی جماعت کے تھے جبکہ ہنگامہ کرنے والے اور آگ لگانے والے مسلح انتشار پسند دوسرے لوگ تھے، عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا، اگر جی ایچ کیو پر حملہ کا کیس آرمی کورٹ میں نہیں چلے گا تو کدھر چلے گا؟
ان حالات میں الیکشن ہونگے تو ان بلوائیوں سے کون بچے گا ، کل کا دھرنا ختم نہیں ہوا موخر کیا گیا ہے،قائداعظم کا گھر محفوظ نہیں توکسی اور کا کیسے محفوظ رہے گا ، عدالت کا کام یہ نہیں کے وہ پارلیمنٹ کے قانون پر حکم امتناعی جاری کرے ۔
انھوں نے یہ بات منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ سوچنے کی بات یہ ہے کہ گذشتہ روز کے احتجاج کی نوبت کیوں آئی ؟
ملزم کو مہمان بنائیں گے تو لوگ احتجاج کرینگے ، ادب سے بات کرنا اچھی چیز ہے لیکن ڈاکو کے ساتھ ادب سے پیش نہیں آیا جاتا، ادب بے گناہ اور معصوم کے لیے ہے، عمران خان جھوٹ پر مبنی بیانیہ بنانا چاہتا ہے ، 2017 سے کھیل شروع ہوا ، اشتہاری عمران خان منتخب وزیراعظم کے خلاف درخواست لے کر گیا۔
ملک میں ماحول بنا اور سہولت کاری سے لاڈلے کو وزیراعظم بنایا گیا، ہر رٹ کو تکنیکی بنیاد پر خارج کیا گیا، اب دو دن میں ضمانت ملتی ہے، اب پھر الیکشن کو مینج کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔۔