ٹانک: سیکورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں 2 جوان جام شہادت نوش کر گئے جب کہ 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی اطلاعات پر سیکورٹی فورسز نے ٹانک کے علاقے میں آپریشن کیا، جہاں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آپریشن میں بہترین حکمت عملی سے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔مارے جانے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور عوام پر حملوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے 2 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔
شہید ہونے والے جوانوں میں 39 سالہ نائیک محمد عتیق اور 36 سالہ نائیک رجب علی شامل ہیں۔شہادت کا رتبہ پانے والے شہید نائیک محمد عتیق کا تعلق چکوال اور شہید رجب علی ڈسٹرکٹ اٹک کے رہنے والے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم لیے ہوئے میدان میں ہیں۔ جوانوں کی قربانیاں سیکورٹی فورسز کے حوصلوں کو مزید بلند کرتی ہیں۔