پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے773 کراچی سے 328 عازمین کو لے کر علی الصبح مدینہ کیلئے روانہ ہوئی۔
چیف آپریٹنگ افیسر پی آئی اے امان اللہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر اور سول ایویشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے حکام نے عازمین کو رخصت کیا۔
عازمین حج کو رخصت کرنے کیلئے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں سے حجاج سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔
حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریباً 700 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 15۔9 بجے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگی،حج آپریشن کے لئے پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے ترجمان پی آئی اے،
ترجمان کے مطابق پی آئی اے رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اورشیڈول پروازوں کے ذریعے65ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔
قبل از حج آپریشن 22جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد سکھراور رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔
سی ای او پی آئی اے نے تمام ڈیپارٹمنٹس اور پاکستان اور سعودی عرب میں تعینات حج ٹیموں کو عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔