کوئٹہ: خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر، نفسیاتی مسائل اور معذوری سے نمٹنے کی ذمہ داری صرف حکومت وقت کی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اسکے تدارک کیلیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا معذور افراد کی فلاح وبہبود اور بریسٹ کینسر کی روک تھام سے متعلق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کردار قابل ستائش ہے۔
گورنر ہاس کوئٹہ میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تعاون سے چھاتی کے کینسر، نفسیاتی صحت اور معذوری سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک بھر خصوصا بلوچستان میں بریسٹ کینسر اور معذوری سے متعلق آگاہی کے حوالے سے ٹھوس اور قابل عمل اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو آگاہی کے لئے آگے بڑھ کر اس موذی مرض کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اس کے ساتھ ساتھ خواتین کو خود تشخیصی سے متعلق رہنما ہدایات کے مطابق اپنی صحت کا خیال رکھتے ہوئے ایک مخصوص عمر کے بعد اپنے طبی معائنہ کے معمول کو اپنانا ہوگا۔