لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی کراچی میں شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکامی پر ادارے کی پورے ملک میں الیکشن کرانے کی صلاحیت سوالیہ نشان بن گئی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں میئر کا انتخاب ہونے جارہا ہے مگر دوسری جانب منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اغوا کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کے چیئرمینوں کو پولیس کمانڈوز کے نرغے سے آزاد کروا کے انہیں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کرے ۔
انہوں نے کہاکہ نصف صدی گزر گئی ہے مگر پیپلز پارٹی کی جمہوریت میں زور زبردستی ، سیاسی رہنماؤں کو اغوا کرنے اور اچھے ہتھکنڈوں سے مسلط ہونے کی عادت نہیں گئی ۔ سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے دوران سرکاری مشینری اور وسائل کا بے جا استعمال کیا ۔ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ خود پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کے لیے اچھا نہیں ہو گا۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کی خدمت کی ہے جس کی پزیرائی عالمی سطح پر ہوئی ہے ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قوم کو مزید آزمائشوں سے محفوظ رکھے ۔ حکمرانوں نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے ۔ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے مگر حکومت کی جانب انہیں کوئی ریلیف نہیں ملا ، حکومتی وعدے فراموش کردیے گئے اور عالمی امداد کا کوئی اتا پتا نہیں کہ کہاں خرچ کی گئی ۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کہ خطرات زدہ ساحلی علاقوں سے عوام اور ان کے مال و مویشیوں کا مکمل اور بروقت انخلا یقینی بنایا جائے۔