کراچی: بے رحمی سے مینڈیٹ کے قتل پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے چیف الیکشن کمشنر کوخط لکھ دیا۔
خط میں لکھا گیا کہ سندھ حکومت کے چاق و چوبند دستوں نے پی ٹی آئی کے 29 ارکان کو اغواء کرکے ووٹ ڈالنے سے روک دیا ہے۔ الیکشن کمیشن اس فراڈ عمل کو کالعدم قرار دے اور نیا شیڈول جاری کرے، ان کا بنیادی مقصد صاف و شفاف الیکشن کروانا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کے کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن انصاف و شفاف انتخابات کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگیا ہے۔ ہم نے ہر موقع پر الیکشن کمیشن کو خطوط کے ذریعے سندھ حکومت کے غیر آئینی و غیر جمہوری عمل کے اقدامات سے آگاہ کرتے رہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ کی طرح خاموش تماشائی بنا رہا ۔ میئر کے انتخاب کے موقع پر حال کے دروازے بند کردیے گئے اور پی ٹی آئی کے 29 ممبران کو اس عمل سے اپنی ایلیٹ فورس کے ذریعے گھروں سے جبری اغواء کرکے روک دیا گیا،ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ حاضری مکمل کی جاتی اور پھر مئیر کے انتخاب کا عمل شروع کیا جاتا،الیکشن کمیشن نے اپنا کردار ادا نہیں کیا اور بے رحمی سے مینڈیٹ کا قتل کیا گیا ہے۔ مینڈیٹ پر قبضہ کے نتائج شہر اور ملک کے حق میں بہتر نہیں ہوں گے۔