ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جماعت اسلامی کو دعوت دیتا ہوں شہر کی ترقی کیلئے مل بیٹھیں:سعید غنی

کراچی:صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان کو میئر بننے کی ضد تھی، 155 کے مقابلے 130 کی بنیاد پر میئر شپ پر حق جتایا گیا، پی ٹی آئی اراکین کو لانا ہماری ذمہ داری نہیں تھی، جماعت اسلامی سیاسی رواداری کا مظاہرہ کرے، دعوت دیتا ہوں شہر کی ترقی کیلئے مل بیٹھیں۔

سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی انتشار کا شکارہوئی، پی ٹی آئی والے یکجا نہیں ہوئے اور الزام پی پی پر لگایا جارہا ہے، پی ٹی آئی کے ارکان کے میسجز موجود ہیں کہ ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

 انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کو میئر الیکشن میں 30 سے زائد ووٹ نہیں پڑے تو اس کی ذمہ داری ہم پر نہیں، الزام لگ رہا تھا ہم نے ارکان کو اغوا کیا، کیا کسی کے اغوا کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی؟، ان کے صرف 3 ارکان جیل میں ہیں، فردوس شمیم نقوی سمیت تینوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے لایا گیا، حالانکہ یہ ہماری ذمہ داری نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان ضد کے گھوڑے پر سوار تھے کہ میں نے میئر بننا ہے، جماعت اسلامی سیاسی روا داری کا مظاہرہ کرے، شہر کو تقسیم کرنے کے عمل کو روکا جائے، الیکشن کمیشن نے 15 جون سے قبل تمام ممبران کا اجلاس بلایا، ہر پارٹی کی اپنی اپنی ذمہ داری تھی کہ 11 بجے سے قبل ارکان کو اندر داخل کرواتی۔

صوبائی وزیر نے الزام لگایا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کے کمر پر بیگ لگے ہوئے تھے جن میں ہنگامہ آرائی کا سامان تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ شہر کی ترقی کیلئے مل بیٹھیں۔

انہوں نے کہا کہ 6 یوسیز میں ری کائونٹنگ کا ہم نے بھی خود کہا، الیکشن کمیشن نے ری کائونٹنگ کروائی تو جماعت اسلامی نے مخالفت کردی، الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہمارے خلاف تھا، میں نے کہا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان جیت گئے تو مٹھائی لے کر جائوں گا، اب ہار گئے ہیں اب مٹھائی لے گیا تو مجھے ڈنڈے پڑیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے کبھی تعصب کی بنیاد پر ترجیحات طے نہیں کیں، کوشش ہے شہر میں جو جو مسائل ہیں ان کو حل کریں، ہمارے 155 ووٹ تھے اگر جماعت کے 156 ہوتے ہم خود ان کو میئر شپ کی آفر کرتے، 155 کے مقابلے 130 کی بنیاد پر میئر شپ پر حق جتایا گیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں