اسلام آباد:پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سرگرم کشمیری کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی جائیدادیں ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ ہمیں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جائیدادوں کی ضبطی کی بار بار ہونے والی کارروائیوں پر تشویش ہے،بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے)نے کئی کشمیری کارکنوں کی غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کے لئے جارحانہ انداز میں کارروائی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی اے نے 2021 میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک ایسی 124 جائیدادیں ضبط کی ہیں، ہم سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان اور تحریک حریت رہنما ایاز اکبر کی جائیداد ضبط کرنے کے بھارت کے حالیہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں،ایاز اکبر فرضی الزامات میں 2017 سے جیل میں ہیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو سیاسی رہنماوں اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکنان کو ان کی جائز جائیدادوں سے بیدخل کرنابند کرنا چاہئے، کشمیری اپنی سرزمین کے حقیقی وارث ہیں، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ غیر کشمیریوں کو متنازعہ علاقے میں زمین اور جائیداد خریدنے کی ترغیب دی جا رہی ہے جبکہ کشمیریوں کی جائیدادوں کو ضبط اور تباہ کیا جا رہا ہے۔