پیرس:وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے پیرس میں منیجنگ ڈائریکٹر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (ایم ڈی آئی ایم ایف) کرسٹینا جارجیوا سے ملاقات کی ہے،ملاقات میں پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگرامز اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے معاشی ترقی اوراستحکام کے لئے حکومتی اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ امید ہے کہ آئی ایم ایف کے مختص فنڈز جلد ازجلد جاری کئے جائیں گے،آئی ایم ایف کی قسط سے پاکستان میں معاشی استحکام اورعوام کو ریلیف ملے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کو پوراکرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزراء سردار ایازصادق، مریم اورنگزیب، شیری رحمان، وزیر مملکت برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔