اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہپہلے آو پہلے پاو کے طریقے پر چلیں گے، جنوری 2024 سے حاجیوں کو بھیجنے کی تیاری مکمل کرنی ہے، اپریل کے آخر تک ویزے مکمل کرنے ہیں، اب روپوں کی بجائے ڈالرز میں حج کروائیں گے، لوگ کہتے ہیں روپوں میں حج مہنگا پڑتا ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہاکہ میں نے پہلی بار سعودی وزیر مذہبی امور کے سامنے احتجاج ریکارڈ کروایا ہے، سعودی وزیر مذہبی امور کو میں نے تمام مسائل سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ سعودی وزیر مذہبی امور نے مسائل کے سدباب کی یقین دہانی کروائی ہے، جلد حاجیوں کی ٹریننگ کا پروگرام شروع کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ مجھے رائل حج کی آفر تھی، مگر ایک عام حاجی کی طرح حج کا فریضہ انجام دیا، میں خود اپنے خرچے پر حج کر کے آیا ہوں، میں اپنے احتساب کیلئے بھی تیار ہوں، میں نے کسی کو مفت حج نہیں کرنے دیا، میں حاجیوں کے پیسے چوری نہیں ہونے دوں گا۔
سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 60 ہزار لوگوں نے فریضہ حج ادا کیا، 30 لاکھ حجاج کرام سعودی عرب آئے، یہ تاریخ کا سب سے بڑا حج تھا، پچھلے برس ایک چھوٹا حج تھا، میں نے مختلف جگہوں کا دورہ بھی کیا، ہزاروں حاجیوں سے ملاقاتیں ہوئیں، ہمارے حج مشن نے بھی پاکستانیوں کی بھرپور مدد کی۔