اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں 30 سے 35 فیصد اضافہ کردیا ہے ۔
اس کے علاوہ اردلی الاؤنس،معذور افراد کے لیے کنوینس الاؤنس،ڈیپوٹیشن الاؤنس،ایڈیشنل چارج الاؤنس اور اسپیشل پے ،کرنٹ چارج الاؤنس میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ معذوروں کے لیے کنوینس الاؤنس میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اردلی الاؤنس ساڑھے 17 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں 35 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور گریڈ 17 تا 22 کے افسران کی بنیادی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں 30فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاؤنس کنٹریکٹ ملازمین،کنٹنجنٹ پیڈ ملازمین کو بھی ملے گا۔ ایڈہاک ریلیف الاؤنس وفاقی حکومت کے تمام ملازمین،مسلح افواج کےپرسونلز ،سول آرمڈ فورسز اور دفاعی تخمینہ جات سے تنخواہ وصول کرنے والے سول ملازمین سمیت سب کو یہ الاؤنس ملے گا۔
تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2023سے کیا گیا ہے اور ملازمین کو ملنے والے ایڈہاک ریلیف الاؤنس پر انکم ٹیکس لاگو ہوگا۔ ملازمین کو چھٹی اور ایل پی آر کے دوران بھی یہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملے گا البتہ غیر معمولی رخصت پر یہ الاؤنس نہیں ملے گا۔ ملازمین کو ملنے والی پنشن کی کیلکولیشن،گریجوایٹی اور ہاؤس رینٹ کے لیے یہ الاؤنس شمار نہیں ہوسکے گا۔
ملازمین کی ڈیپوٹیشن پر بیرون ملک تعیناتی کے دوران بھی یہ الاؤنس نہیں ملے گا تاہم بیرون ممالک سے واپس آکر اپنے محکموں میں تقرری پر الاؤنس ملنا شروع ہو جائے گا۔ ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملازمین کی پرسنل پے میں شامل ہوگا۔ وزارتیں و ڈویژنیں ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاؤنس اپنے مختص شدہ بجٹ سے فراہم کریں گی ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی ادائیگی کے لیے وزارتوں و ڈویژنوں کو کسی قسم کی ضمنی گرانٹس فراہم نہیں کی جائے گی۔
اس کے علاوہ حکومت نے بی پی ایس 20 سے بی پی ایس 22 افسران کے آردلی الاؤنس میں اضافہ کردیا ہے۔ اردلی الاؤنس 17500روپے سے بڑھا کر 25000روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔ ڈپیوٹیشن الاؤنس،ایڈیشنل چارج الاؤنس اور اسپیشل پے کرنٹ چارج الاؤنس میں بھی حکومت نے اضافہ کردیا ہے۔ ڈیپوٹیشن الاؤنس،ایڈیشنل چارج الاؤنس اور اسپیشل پے ،کرنٹ چارج الاؤنس کی شرح برقرار رکھی گئی البتہ زیادہ سے رقم کی حد بارہ ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردی گئی ہے جب کہ معذورافرادکے لیے ے کنوینس الاؤنس میں بھی 100 فیصداضافہ کردیاگیا ہے جس کے تحت معذورافرادکا کنوینس الاؤنس 2000 روپے سے بڑھا کر4000روپے کردیاگیا ہے۔