ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

امریکی یوم آزادی کی تقاریب میں فائرنگ کے واقعات، ہلاکتیں ریکارڈ

واشنگٹن: امریکا میں یوم آزادی کے حوالے سے ہونے والی تقریبات میں فائرنگ کے کئی واقعات پیش آئے، جن میں ہلاکتیں بھی ریکارڈ ہوئیں جب کہ کئی افراد زخمی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ریاست شمالی لوویزیانا میں امریکی یوم آزادی کے حوالے سے جشن کی تقریبات ہوئیں، جن میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ، جس کا نشانہ بن کر 3 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ 6 دیگر زخمی ہوئے۔

جائے وقوع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی آزادی کا جشن منایا جا رہا تھا کہ اچانک مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ 2 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ ایک نے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔ فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد کو پارکنگ میں زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا جن میں سے 6 افراد کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ حملہ آور فرار ہوگیا جسے پولیس نے تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ تاحال واقعے کی محرک کا تعین نہیں ہوسکا۔ تفتیشی عمل جاری ہے۔ یاد رہے کہ امریکا میں یوم آزادی کی تعطیلات میں فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد 48 ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل ہی ٹیکساس اور فلاڈلفیا  میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 7 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جب کہ اس سے قبل بالٹی مور میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے تھے۔

امریکا میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات کی وجہ گینگ وار اور اسلحہ کی  بے پناہ خرید و فروخت ہے۔ حکومت اسلحے کی خرید و فروخت کے قانون کو سخت کرنے پر غور کر رہی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں