کراچی:سوئیڈن میں حکومتی سرپرستی و پولیس کے تحفظ اور عدالت کی اجازت سے قرآن پاک کی بے حرمتی اور نذر آتش کرنے کے خلاف جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے تحت کراچی پریس کلب پر اقلیتی برادری کا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین کے شرکانے توہین قرآن کی ناپاک جسارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے امت ِ مسلمہ سے بھر پور اظہار یکجہتی کی اور مطالبہ کیا کہ قرآن کی توہین کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔
مظاہرے میں پاکستان زندہ باد، قرآن کی بے حرمتی نا منظور سمیت دیگر نعرے لگائے گئے اور مظاہرے میں مسیحی ، سکھ اور ہندو برادری کے رہنمائوں اور نمائندوں نے شرکت کی ۔
انہوں نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا” سویڈن میں سرکاری سرپرستی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ Quran is our honour, No Compromise on Quran,stop burning Quran”۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا اور یورپ کو اپنے دہرے معیارات ترک کرنے چاہیئے ۔ ہولوکاسٹ پر تو بات کرنے کی اجازت نہیں لیکن قرآن پاک اسلام اور نبی کریم ۖ کی ذات ِ اقدس کی توہین اور بے حرمتی کو اظہار آزادی کے نام پر قبول کر لیا جاتا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے ایمان و عقیدے اور احساسات و جذبات کو مجروح کرنے والوں کو کھلی آزادی اور تحفظ فراہم کیا جاتا ہے ۔ ضروری ہے کہ اس مذموم عمل کے خلاف عالمی سطح پر اقدامات کیے جانے چاہیئے اور اقوام متحدہ میں کسی بھی مذہب کی کتابوں کو نذر آتش کرنے اور شعائر اسلام کی توہین کرنے کے عمل کو جرم قرار دیا جائے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروئی کی جائے ۔