اسلا م آباد:جمعیت علما اسلام کے ترجمان محمد اسلم غوری نے کہا ہے کہ دبئی میں ہونے والے مذاکرات پر اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات ہمارا حق ہے، مولانا فضل الرحمن کی صحافیوں سے آف دی ریکارڈ گفتگو کو توڑ موڑ کر چلایا جا رہا ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ دبئی میں ہونے والے مذاکرات سے صرف جے یو آئی ہی نہیں پوری پی ڈی ایم بے خبر ہے، جے یو آئی کے نزدیک اسمبلیوں کی مدت بڑھانے اور الیکشن کے التوا سے سیاسی نقصان ہو گا، عام انتخابات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمن نے کل واضح موقف دیا ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا الیکشن کے بارے میں اتحادی حکومت کا موقف مشترکہ تھا، جے یو آئی گزشتہ حکومت کے خاتمے کے بعد فوری الیکشن کی حامی تھی، ہمارا موقف سٹریٹ پاور سے حکومت گرانا اورالیکشن کرانا تھا۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کا راستہ ہمارا نہیں آصف علی زرداری کا تھا، وقت بتائے گا کہ عدم اعتماد کے موقف کے پیچھے کون کون سی طاقتیں تھیں، وزیراعظم کا اسمبلیوں کی مدت کے خاتمے کا بیان باہمی مشاورت سے تھا، اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق وزیراعظم کے موقف کی مولانا فضل الرحمن نے کل تائید کی ہے۔