لاہور: پاکستان کے 5 ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے پر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن پر ایک بار پھر سوال اٹھنے لگے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کھلاڑیوں میں ممنوع ادویات کے استعمال کی روک تھام میں ایتھلیٹکس فیڈریشن ناکام دکھائی دے رہی جس کے باعث پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن پر انٹرنیشنل پابندی کے خطرات منڈلانے لگے ہیں۔
نیشنل گیمز میں 3 گولڈ میڈل جیتنے والی ایشا عمران کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا۔ایشا عمران ایشین اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے قومی اسکواڈ میں منتخب ہوئی تھی۔
800 میٹر گولڈ میڈلسٹ رابعہ عاشق کا بھی مثبت ڈوپ ٹیسٹ نکلا۔رابعہ عاشق نے نیشنل گیمز میں 2 گولڈ میڈلز جیتے تھے، گولڈ میڈلسٹ نعیم اختر اور عزیر رحمن کا بھی ڈوپ ٹیسٹ مثبت نکلا۔ ویٹ لفٹنگ میں محمد طاہر بھی مثبت ڈوپ ٹیسٹ والوں میں شامل ہیں۔
مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے پر ایتھلیٹس کو عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سیف گیمز میں بھی 3 ایتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت نکلے تھے، ڈوپنگ معاملات کے باعث پی او اے نے اتھلیٹکس فیڈریشن کی رکنیت معطل کر رکھی ہے۔