سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے جڑواں شہرام درمان میں نیم فوجی سریع الحرکت فورس کے ڈرون حملے میں پانچ شہری ہلاک اور بائیس زخمی ہو گئے ہیں۔
سوڈان کی وزارتِ صحت نے گزشتہ روز اس حملے میں پانچ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
سوڈان میں فوج اور آر ایس ایف کے درمیان گزشتہ تین ماہ سے لڑائی جاری ہے،اس لڑائی کو روکنے کی غرض سے سوڈانی حکومت کے نمائندے نیم فوجی سریع الحرکت فورس کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی غرض سے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ پہنچ گئے ہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب اور امریکہ کی ثالثی میں جدہ میں مذاکرات جون کے اوائل میں جنگ بندی کی متعدد خلاف ورزیوں کے بعد معطل کر دیے گئے تھے،سعودی عرب اور امریکہ نے ابھی تک سوڈان کے متحارب دھڑوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ان دونوں ممالک کے علاوہ مصر نے بھی سوڈان میں متحارب قوتوں کے درمیان لڑائی رکوانے کے لیے ثالثی کی کوشش گزشتہ جمعرات کو شروع کی ہے جس کاسوڈانی فوج اور آر ایس ایف دونوں نے خیرمقدم کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور سعودی عرب کی ثالثی میں متحارب قوتوں کے درمیان جنگ بندی کے متعدد اعلانات کیے گئے ہیں لیکن یہ 15 اپریل سے ملک میں جاری لڑائی کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔
سوڈانی فوج اور آر ایس ایف اقتدار کے حصول کے لیے لڑ رہے ہیں۔
اس مسلح تنازع کے نتیجے میں سوڈان میں 30 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ان میں سے سات لاکھ سے زیادہ افراد اپنے گھربار چھوڑ کر ہمسایہ ممالک کی طرف نقل مکانی کر گئے ہیں۔