لاہور:امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور میں واقع پرائیویٹ پاک عرب سوسائٹی کی جانب سے متاثرین کے تمام مطالبات کو تسلیم کرنا خوش آئند ہے ۔سوسائٹی متاثرین نے اپنے مسائل کے حل کے لئے جس اعتماد کا اظہار جماعت اسلامی پر کیا ہے۔
منصورہ میں پرائیویٹ پاک عرب سوسائٹی کے مالکان سے کامیاب مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمحمد جاوید قصوری نے کہاکہ ہم اس پر ان کا اور سوسائٹی مالکان کی فراخ دلی پر ان کا بھی شکر یہ ادا کرتے ہیں۔سوسائٹی مالکان سے کامیاب مذاکرات کے بعد آج گلبرگ میں ہونے والا احتجاج ختم کر دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سوسائٹی متاثرین اور مالکان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی روشنی میں کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے ہم نے چھ رکنی کمیٹی بنائی ہے جو معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی ۔ کمیٹی میں چار افراد متاثرین میں سے ہونگے جبکہ جماعت اسلامی سے دو افراد خالد بٹ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اور یونس ایڈوکیٹ شامل ہونگے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ سوسائٹی مالکان فوری طور پر متاثرین کو جنریٹر کا اہتمام کر کے دے گی تاکہ بجلی کی ترسیل کا نظام شروع ہو سکے ۔اس کے علاوہ سکیورٹی ، قبرستان اور سیوریج کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔