اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔
آئی ٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ آئی ٹی برآمدات کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں۔ آئی ٹی کے شعبے میں برآمدات کے فروغ کے لیے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے ذہین نوجوان باہمت اور محنتی ہیں، ان نوجوانوں نے فری لانسر، اسٹارٹ اپس سمیت دیگر کاروبار کے ذریعے ترقی کی۔ ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان مختلف شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ان میں بے پناہ ٹیلنٹ اور مہارتیں ہیں، یہ سہولیات کی عدم فراہمی، طریقہ کار میں مشکلات اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے اداروں کی کمی کے باوجود بہترین پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں 20 ارب ڈالر برآمدات کی صلاحیت ہے، ہم مشکل صورتحال کے باوجود نوجوانوں کی محنت اور مہارت سے ہر مقصد حاصل کریں گے، میرا سرمایہ کار میرا ماسٹر ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ معاشی منصوبوں پر عملدرآمد سے ملک کو خوشحال بنائیں گے، ہم نے ایس آئی ایف سی کے ذریعے آگے بڑھنے کی سمت کا تعین کر لیا ہے، اس حکمت عملی میں وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں شامل ہیں، اس منصوبہ کے تحت زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور دفاعی پروڈکشن کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔
سیمینار میں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان خصوصی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ سیمینار میں منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، خزانہ، دفاع، دفاعی پیداوار، سرمایہ کاری بورڈ، خارجہ امور، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، اطلاعات و نشریات کے وزرا جبکہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے وزراء اعلیٰ، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو، آئی ٹی ماہرین، سینئر آرمی و سول افسران نے بھی شرکت کی۔