اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (کسٹمز)میں 5ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق درآمدی اشیا پر مکمل ٹیکس وصول نہ کرنے سے 3ارب 52کروڑ کا نقصان ہوا ہے جب کہ ویئر ہاؤسز میں ایک ارب 45کروڑ کی بے قاعدیوں، خردبرد اور چوری کا انکشاف ہوا ہے،رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسمگل شدہ گاڑیاں، اسمارٹ فون اور غذائی اشیا ویئر ہائوسز میں پڑی خراب ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق 300ضبط شدہ گاڑیاں نیلام نہ کرنے سے 80کروڑ 71لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے اور 18کروڑ 86لاکھ کے 46ہزار 982اسمارٹ فونزکی بھی نیلامی نہیں کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کھانے پینے کی اشیا سمیت 42کروڑ سے زائد کا دیگر سامان بھی گل سڑگیا، عملے نے 2کروڑ 41 لاکھ روپے کی 3 گاڑیاں ایک کروڑ 39لاکھ میں فروخت کردیں،رپورٹ کے مطابق کراچی،کوئٹہ ویئر ہائوسز سے 91لاکھ 80ہزار روپے کا سامان بھی چوری ہوا۔
