ریاض: سعودی عرب نے سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب کا اعلان کردیا،جس کے مطابق 15محرم الحرام کو خانہ کعبہ کے فرش کو آبِ زم زم، عرقِ گلاب اورعطر سے دھویا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب کا اہتمام 15محرم الحرام 2اگست کو نمازِفجرکے بعد کیا جائے گا۔ سالانہ غسلِ کعبہ کی تقریب کے دوران مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو آبِ زم زم، عرقِ گلاب اور مشک سے دھوئیں گے۔
مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں اورفرش کو آبِ زم زم سے دھونے کے بعد ہاتھوں اورکھجور کے پتوں کی مدد سے خشک کیا جائے گا جب کہ سفید کپڑے کا استعمال دیواروں کو صاف کرنے کے لیے کیا جائے گا۔
