یوگنڈا کے صدر’ یوویری موسیوینی’ نے کہا ہے کہ روس اور جنوبی کوریا یوگنڈا میں جوہری پاور پلانٹ تعمیر کریں گے۔
موسیوینی نے دارالحکومت کامپالا میں کافی کی پیداوار دینے والے 25 افریقی ممالک کے سربراہان اور وفود کی شرکت سے منعقدہ دوسرے "جی۔25 افریقہ کافی سربراہی اجلاس” سے خطاب کیا۔
خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں جوہری پاور پلانٹوں کی تعمیر سے متعلق، روس اور جنوبی کوریا کے ساتھ جاری، مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں۔ دونوں ملک یوگنڈا میں 15 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے 2 جوہری پاور پلانٹ تعمیر کریں گے۔
موسیوینی نے کہا ہے کہ "جوہری پاور پلانٹ منصوبہ ایک ایسے وقت میں شروع کیا جا رہا ہے کہ جب عالمی اقوام سوشو۔اقتصادی ترقی کے لئے توانائی کی سکیورٹی کے مسئلے سے نبرد آزما ہیں”۔
واضح رہے کہ روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں 27 جولائی کو منعقدہ روس۔افریقہ سربراہی اجلاس میں یوگنڈا اور روس کے درمیان جوہری پاور پلانٹ منصوبے کا سمجھوتہ طے پانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
صدر یوویری موسیوینی نے قوم کے ساتھ حالیہ خطابات میں کہا تھا کہ یوگنڈا ،ملک کے مختلف علاقوں میں منقسم لیکن کثیر التعداد ہائیڈرو الیکٹرک صلاحیت کا حامل ہے ۔ اس سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کی دریافت کے لئے مزید ساجھے داری کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
یوگنڈا کی وزارت ِ توانائی و معدنی وسائل کی طرف سے جاری تحقیقی منصوبوں کے نتیجے میں ملک کے مشرق میں یورینیئم کے وسیع ذخائر کی دریافت کے بعد ملک کی جوہری توانائی کی پیداوار ی صلاحیت کی تصدیق ہو گئی تھی۔