اسلام آباد: قومی اسمبلی کی تحلیل اور جمہوری حکومت ختم ہونے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی سطح پر تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا گیا اورکمیشن نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ دیا ہے۔
ای سی پی سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی تحلیل اور وفاقی کابینہ ختم ہوچکی ہے۔ جلد نگران وزیراعظم اور نگران کابنیہ مقرر ہوجائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ مختلف وزارتوں اداروں اور ڈویژنوں میں وسیع پیمانے پر تقرریوں اور تبادلوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق نگراں سیٹ اپ کی تشکیل تک ہر قسم کی ٹرانسفر پوسٹنگ روک دی جائے۔ نگران حکومت کے آنے تک ایسے کسی اقدام سے گریز کیا جائے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کی تشکیل کے بعد قانون اورپالیسی کے مطابق ٹرانسفر پوسٹنگ کی جاسکتی ہے۔
