اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے اور ہفتہ وار اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.69 فی صد اضافہ ہوا جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 30.82 فی صد تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے پسی ہوئی مرچ کا 200 گرام کا پیکٹ 13 روپے مہنگا ہوا، 390 گرام پیکڈ دودھ 28 روپے مہنگا ہوا، دال ماش 15 روپے، دال مونگ 3 روپے اور دال مسور 2 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔ لہسن کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا۔ چینی فی کلو 3 روپے، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران فی درجن انڈے 5روپے مہنگے ہوئے۔ گزشتہ ہفتے میں پیاز، آلو، ٹماٹر اور کیلے بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں جب کہ کھلا دودھ، گڑ، چھوٹا اور بڑا گوشت بھی مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ویجٹیبل گھی کی قیمت میں 9 روپے کی کمی ہوئی۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 38 روپے سستا ہوا، برانڈڈ گھی اور سرسوں کا تیل بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے۔
گزشتہ ہفتے 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، سرخ مرچ، پاؤڈر ملک، دال ماش، لہسن، چینی کی قیمت میں اضافہ ہوا جب کہ چکن، نمک، انڈے اور بجلی ٹیرف میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے پانچ اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔
