اسلام آباد: پی ٹی آئی نے سائفر کے معاملے پر ایک مرتبہ پھر عدالتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے امریکی ویب سائٹ پر سفارتی سائفر شائع ہونے کے بعد اعلیٰ اختیارات کے حامل عدالتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کردیا ہے۔
پارٹی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سائفر سے متعلق رپورٹ شائع ہونے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیانات کی صداقت مزید مستحکم ہوجاتی ہے۔عدالتی کمیشن سائفر کے معاملے کی مکمل تحقیقات کرے اور بعد ازاں اس کے نتائج کو منظر عام پر لائے۔رپورٹ کے انکشافات سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کی حکومت کا تختہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے الٹایا گیا جو ایک سازش تھی۔
واضح رہے کہ امریکی ویب سائٹ دی انٹرسیپٹ نے سائفر کا متن شائع کرتے ہوئے خبر میں لکھا کہ اس سائفر سے چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کے پیچھے امریکی دباؤ کارفرما نظر آتا ہے کیوں کہ امریکی سفارت کار نے یہ بیان دیا تھا کہ اگر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو سب کچھ معاف کردیا جائے گا۔
