لاہور: امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 17سے 20 روپے کے ظالمانہ اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت اور سابقہ پی ڈی ایم کی حکومت میں کوئی فرق نہیں۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہاکہ پہلے پی ڈی ایم کی حکومت نے 15 ماہ میں ریکارڈ قرضوں لے کر اور مہنگائی کا طوفان برپا کرکے ملک کی غریب عوام کو دووقت کی روٹی سے بھی محروم کردیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آٹا 78 ر وپے سے 160 تک، چینی 80 روپے سے 170، بجلی 14 فی یونٹ سے 50 روپے سے اوپر، آئل 300 سو سے 650، ڈالر 178 سے اب 3 سو روپے کی ریکارڈ سطح پہنچ گیا ہے بدقسمتی سے رہی سہی کسر اب نگران حکومت نے آتے ہی عوا م پر پیٹرول بم گرا کر پوری کردی ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ظالمانہ اضافے سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں، نگران حکو مت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پٹرولیم منصوعات میں اضافہ کرکے عوام دشمن ثبوت دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں عوام ملک و قوم کی معاشی تباہی کے ذمہ دار سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کا ووٹ کی طاقت سے احتساب کریں۔
