کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ سانحہ جڑانوالہ واقعے میں ملوث شرپسنداسلام وپاکستان کو بدنام کر رہے ہیں، ا ن شرپسندوں کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا حکومت واداروں کی جانب سے صرف مذمت نہیں عملی کاروائی اورقانون کے مطابق عبرت ناک سزاہونی چاہیے۔
عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ مسیحی افراد،عبادت خانوں ،قرآن پاک ودیگرمقدس کتب ،انبیائے کرام کی بے حرمتی قابل مذمت اورافسوس ناک ہے جماعت اسلامی ہر مظلوم کیساتھ اور ہر ظلم کے خلاف ہے ۔اتحاد وحدت اورمذہبی رواداری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ جرانوالہ واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی ،جڑانوالہ میں انجیل مقدس وعیسائیوں کے عبادت خانوں کی بے حرمتی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے بدقسمتی سے ریاست آج کل اور چیزوں میں مصروف عوام کی جان ومال عزت آبرومحفوظ نہیں۔کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی کی مذہب ،مقد س کتب یا انبیاء کی توہین کریں ۔جڑانوالہ سانحے کی تحقیقات ،سانحے کے اسباب سامنے لانے چاہیے مقدس کتب بلخصوص قرآن پاک ،نبی پاک ۖ وبنیائے کرام کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔
