لاہور: سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ نگران حکومت نے آتے ہی پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کے ظالمانہ اور عوام دشمن اقدامات کی توثیق کر دی۔ ملک کی معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف کے احکامات کے مطابق تشکیل دی جا رہی ہیں۔ حکمران اشرافیہ وسائل پر قابض ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر ملک کے طول و عرض میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف مظاہرے ہوئے جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔
امیر العظیم نے کہاکہ جس نے اربوں کے قرضے لے کر خود ہڑپ کیے اور ان کی واپسی کے لیے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، قوم اب اپنے حق کے لیے خود کھڑی ہو، ملک کو ظالم جاگیرداروں اورکرپٹ سرمایہ داروں سے نجات چاہیے، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے گی اور سودی معیشت کا خاتمہ کرے گی۔
