اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جس تاریخ کا اعلان کرے گا اس پر انتخابات کرائیں گے، ہم الیکشن کمیشن کے اختیارات نہیں لینا چاہتے،الیکشن کمیشن نے ایک موقف اختیار کیا ہے، ہم اس کے پیچھے کھڑے ہیں۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کریں گے،آرٹیکل 51 کے تحت الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے، شیڈول بھی دے دیا ہے،آئین میں لکھا ہے کہ ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے۔
مرتضی سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اگر سمجھتا ہے کہ نگران حکومت آزادانہ، منصفانہ، شفاف انتخابات کرانے میں ہماری مدد کرے تو ہم مدد کریں گے،انھوں نے کہا کہ معاشی بہتری کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں۔
