اسلام آباد:جماعت اسلامی پاکستان کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ عوام نے بجلی کے بلوں کی وجہ سے خودکشیاں شروع کر دیں،حکمرانوں عوام کا معاشی قتل بند کرواور،بجلی، گیس ،تیل ، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ بند کرو۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ یہ ورسک روڈ پشاور کی ایک دکان کا بجلی بل ہے۔ اس میں 13 مختلف قسم کے ٹیکسز لئے جا رہے ہیں۔ بجلی 18 ہزار کی خرچ ہوئی، 16 ہزار کے ٹیکس بل میں شامل کرکے بل34 ہزار روپے آیا ہے اور اب قیمتوں میں حالیہ5 روپے 40 پیسے فی یونٹ اضافہ بھی کر دیا گیا ۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں پشاور کے رہائشی نبی گل نے جو عشرت سنیما چوک گلبہار پشاور میں ایک پی سی اوچلارہا تھا، پچھلے ماہ 23 ہزار بجلی کا بل آیا تو موٹر سائیکل بیچ کر بل جمع کروایا اس ماہ 29 ہزار بل آ گیا تو تنگ آ کر خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں ڈرو اس وقت سے جب عوام اپنے اوپر تیل چھڑکنے کی بجائے آپ کے محلات اور عیش و عشرت کے ایوانوں کی طرف تیل چھڑکنے کیلئے لپکیں گے۔ حکمرانوں خدارا اس معاشی دہشتگردی کو روکو۔ عوام کا معاشی قتل بند کرو۔ بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، ضروریات زندگی اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ بند کرو۔
