اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ ہفتے کے دوران مزید 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.54 فی صد اضافہ ہوا جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 24.65 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ چینی 11 روپے 40 پیسے، گڑ 5 روپے اور دال مسور 5 روپے فی کلومہنگی ہوئی جب کہ چاول 2 روپے فی کلو، ایل پی جی گھریلوسلنڈر11 روپے، انڈے 2 روپے درجن ، دال ماش 7 روپے کلو، 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 روپے، 5 کلو کوکنگ آئل 17 روپے مہنگا ہوا۔ آلو، تازہ دودھ، دہی، اور دال مونگ کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ہوا۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 23.54 فیصد اضافہ ہوا۔ 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں21.29فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں25.89فیصد اضافہ ہوا۔
29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 27.31فیصد اور 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 25.65فیصدرہی۔
