اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)نے آئندہ عام انتخابات کے لیے مجوزہ شیڈول تیار کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق عام انتخابات 28 جنوری 2024کو کرائے جانے کا امکان ہے۔ عملے نے پولنگ کے لیے 27 سے 30 جنوری کی تاریخیں تجویز کردیں تاہم الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد حتمی انتخاباتی شیڈول جاری ہوگا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقہ بندیوں کا دورانیہ مختصر کردیا ہے، حتمی اشاعت 30 نومبر کو مکمل ہوگی۔ اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ حلقہ بندیاں 14 دسمبر تک مکمل کرلی جائیں گی۔
گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اہم اجلاس میں حلقہ بندیوں کا دورانیہ مختصر کردیا گیا، حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت اب 30 نومبر کو مکمل ہوگی۔
دوسری جانب الیکشن کی تیاریاں سے متعلق مشاورت کے لیے الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ان تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان پر آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گا۔