راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے میران شاہ میں شہید 2 جوانوں کو نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میران شاہ کے عمومی علاقے میں خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر عامر عزیز (عمر 29 سال، ساکن ضلع سرگودھا) اور سپاہی محمد عارف(عمر 27 سال، ساکن ضلع ساہیوال) کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کر دی گئی
شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں اعلی فوجی و سول افسران اور عوام نے شرکت کی۔ شہید ہونے والے میجر عامر عزیز کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
میجر عامر شہید کو آبائی گاوں چک 61 شمالی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ نماز جنازہ میں شہید کے عزیز واقارب اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چیف آف آرمی اسٹاف کی طرف سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔