مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں 4 نوجوان دریائے نیلم میں ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق دریائے نیلم دو نوجوان طالب علم نہاتے ہوئے ڈوب گئے جنہیں بچانے کے لئے مزید دو نوجوانوں نے دریامیں چھلانگ لگادی،مگر وہ بھی دریا میں ڈوب گئے۔
ریسکیو ٹیموں اور مقامی شہریوں نے دریائے نیلم پر چہلہ پل کے قریب ڈوبنے والے چاروں نوجوانوں کی تلاش شروع کردی مگر کوئی نتیجہ نہ نکلا۔ چاروں نوجوانوں عدیل افضل، باسط مغل، شاہد اقبال اور یاسر بشیر کا تعلق وادی نیلم کے علاقے کیل سے تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق دریا میں نہانے اورانہیں بچانے والے دیکھتے ہی دیکھتے ڈوب گئے۔
دریائے نیلم میں نہانے اور مچھلیاں پکڑنے پر دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود چار نوجوانوں کی موت کے واقعہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑے کردیے ہیں۔
ایک ہفتہ قبل پٹھکہ چھون کے مقام پر حادثے کا شکار ایک کار دریائے نیلم میں جا گری تھی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوئی تھی۔