کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ مفت خوری ،لوٹ مار ختم کیے بغیر قیمتوں میں کمی آسکتی ہے نہ پاکستان ترقی کرسکتا ہے پاکستان عوام کیلئے دیوالیہ حکمرانوں ،مقتدرقوتوں کیلئے اب بھی سونے کی چڑیاہے۔
مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی بجلی بلوں میں اضافہ ،مہنگائی کے خلاف 24ستمبر کو دھرنا دیکر حکمرانوں کو لوٹ مار ،مفت خوری ختم اور عوام کو ریلیف دینے پر مجبورکریں گے عوام الناس نے 2ستمبر ہڑتال میں ساتھ دیا انشاء اللہ 24ستمبر دھرنا بھی کامیاب ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ عوام نے سب کو آزمالیا مگر سب سے مایوس بھی ہیں جماعت اسلامی ہی عوام کے دکھوں کا مداوا،لوٹ مارختم ،لٹیروں کو سزااور مفت خوری ،بدعنوانی ختم کریگی ۔
مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی نے عوام الناس تاجر برادری کیساتھ ملکر 2ستمبر کو ملک گیر پرامن تاریخی ہڑتال کیا حکمران اب بھی عوامی مشکلات کو نہیں سمجھتے بجلی چوری کے خلاف ایکشن ٹھیک م گر بجلی مفت خوروں کے خلا ف کیوں ایکشن نہیں لیاجارہا ۔ملک کے خزانے کو خالی کرنے والے آج بھی ملک کے اندر اعلیٰ عہدوں اور کچھ بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں ملک کے معصوم عوام پر حکمرانی کرنے والے بیرون ملک خاندان کیساتھ منتقل ہوئے ہیں ان حکمرانوں نے پاکستان کو معاشی طور پر تباہ اور دنیا بھر میں بدنام کر دیا ۔