لاہور: تاریخ میں پہلی بار قیدیوں کیلئے جیل میں یوٹیلٹی اسٹور کھل گیا، کوٹ لکھپت جیل میں اسٹور کا افتتاح کردیا گیا۔
پنجاب حکومت اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے درمیان صوبے کی جیلوں میں یوٹیلٹی اسٹورز کے قیام کا معاہدے کے تحت تاریخ میں پہلی بار قیدیوں کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں یوٹیلٹی اسٹور کھل گیاہے، جہاں سے قیدی معیاری اشیائے ضروریہ سستے داموں خرید سکیں گے۔
پنجاب حکومت اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے درمیان دیگر جیلوں میں یوٹیلٹی اسٹورز کے قیام کیلئے معاہدہ بھی ہوگیا۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی یوٹیلٹی اسٹور کے دورے کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تمام جیلوں میں یوٹیلٹی اسٹورز قائم کئے جائیں گے، قیدی اپنی ضرورت کی اشیا مناسب داموں خرید سکیں گے۔ اس موقع پرنگران وزیراعلی پنجاب نے صوبہ بھر کی دیگر جیلوں میں 30 روز کے اندر یوٹیلٹی اسٹور ز کے قیام کی ہدایت کردی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنیوالے عزیز و اقارب سے بھی ملاقات کی، انہوں نے جیل حکام کو ملاقاتیوں کیلئے سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔
نگران وزیراعلی نے پنجاب کی جیلوں میں ٹرائل اور سزا مکمل کرنیوالے دیگر صوبوں کے قیدیوں کو واپس بھجوانے کا بھی حکم دیدیا۔