پشاور:ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں خفیہ بلیو ٹوتھ ڈیوائس سے چیٹنگ کرنے والے درجنوں طلبہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
سیکریٹری اعلی تعلیم انیلا محفوظ درانی کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ ایک گروہ خفیہ بلیو ٹوتھ ڈیوائسز کے ذریعے طلبہ و طالبات کو ٹیسٹ حل کرانے میں مدد کرے گا، یہ بلیو ٹوتھ ڈیوائس صوبے کے مختلف ہالوں میں بیٹھے طلبہ نے خفیہ طور کانوں میں لگاکر پرچہ آئوٹ کرانا تھا۔
انیلا محفوظ درانی نے بتایا کہ بلیو ٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے پرچہ آئوٹ اور حل کرانے کے لاکھوں روپے طلبہ سے بٹورے گئے۔
اطلاع ملتے ہی ایٹا کے اعلیٰ حکام کو اس بابت متنبہ کیا، ہدایات ملتے ہی ایٹا سٹاف نے صوبے کے تمام ہالوں پر انٹری کے وقت خصوصی چیکنگ بڑھا دی اور خصوصی چیکنگ کے دوران عملے نے اپنے فون کا بلیو ٹوتھ آن کرکے بلیو ٹوتھ ڈیوائسز کا سراغ لگایا۔
سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے کہا کہ اس دوران درجنوں طلبہ و طالبات کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کیا گیا، ملوث طلبہ و طالبات کے خلاف ان فئیر مینز کا پرچہ کاٹا گیا۔