نئی دہلی:بھارت میں شہید کی گئی بابری مسجد کی زمین پر بنایا گیا مندر جنوری میں کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ مندر شمالی ہندوستان میں ایک ایسی جگہ پر بنایا گیا ہے جسے ہندوں کے بھگوان رام کی جائے پیدائش سمجھا جاتا ہے، لیکن اس جگہ پر بابری مسجد موجود تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایودھیا کے شمالی قصبے کا اس مقام پر جہاں مندر کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب ہے، کئی دہائیوں سے ہندوں اور مسلمان دونوں کے دعوے تھے اور اس حوالے سے کئی تنازعات جنم لے چکے ہیں۔
ہندوستان کے اکثریتی ہندوں کا کہنا ہے کہ یہ جگہ بھگوان رام کی جائے پیدائش تھی، اور مغلوں کے اس مقام پر ایک مندر کو مسمار کرکے 1528 میں یہاں بابری مسجد تعمیر کرنے سے بہت پہلے یہ ان کا مقدس مقام تھا۔1992 میں ایک ہجوم نے مسجد کو مسمار کر دیا تھا، جس سے بڑے فسادات ہوئے اور پورے ہندوستان میں تقریبا 2,000 افراد ہلاک ہوئیجن میں سے زیادہ تر مسلمان تھے۔