اسلام آباد: تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے نیب ترامیم کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی چئیرمین کی نہیں بلکہ حق اور انصاف کی جیت ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے پارٹی کی طرف سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی مکمل تائید و توثیق کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ نیب قوانین میں غیر آئینی ترامیم کے ذریعے قوم کے اربوں روپے کی چوری معاف کرکے نئے سرے سے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی گئی، سپریم کورٹ کے فیصلے نے واضح کر دیا کہ نیب ترامیم آئین اور بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے سازش کے تحت ملک پر مسلط ہوتے ہی نیب کا بھرپور استحصال کرتے ہوئے ادارے کو اپنے سیاسی مفادات کیلئے استعمال کیا،این آر او ٹو کے حصول کی غرض سے اقتدار میں آنے والوں نے احتساب کے مرکزی ادارے کو ایک کٹھ پتلی کا درجہ دے کر محصور کردیا۔