لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ایشیا کپ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کوچز نے ایشیا کپ کی رپورٹ پیش کی جب کہ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کل جمعہ کے روز ہوگا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے بدھ کی شام مکی آرتھر کی سربراہی میں قائم پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف ، کپتان بابراعظم نائب کپتان شاداب خان اور سابق کپتانوں مصباح الحق اور محمد حفیظ سے ملاقات کی جس میں سری لنکا میں منعقدہ ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں پاکستانی ٹیم کے مکمل کوچنگ اسٹاف کو مدعو کیا گیا تھا جس میں ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن، بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک اور بولنگ کوچ مورنے مورکل شامل تھے تاکہ وہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کرسکیں۔
جائزہ اجلاس میں ڈاکٹر سہیل سلیم بھی شریک تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی انجریز اور ان کی ری ہبلیٹیشن کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی کھلاڑیوں کی فٹنس اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور اس بات پر غور کیا گیا کہ ٹیم میں بہتری کیسے لائی جائے۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کے ضمن میں بہتر حکمت عملی تیار کی جائے اس کے علاوہ بینچ کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی بات کی گئی۔
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ اس جائزے کا مقصد یہ تھا کہ ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس میں کھل کر اظہار رائے ہو اور اتفاق رائے پر پہنچا جائے۔ اس جائزے کے پیچھے خیال یہ ہے کہ کارکردگی کے بارے میں ہر ایک کو اس میں شامل کیا جائے ۔ مسائل کی نشاندہی کی جاسکے اور ان کا حل تلاش کیا جاسکے۔
جائزے کی تکمیل کے بعد انضمام الحق نے پاکستانی ٹیم کے سلیکشن کو حتمی شکل دے دی ہے اور آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان جمعہ کی صبح سوا گیارہ بجے کردیا جائے گا۔