رملہ: مغربی کنارے میں رہنے والے فلسطینیوں نے اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں سے بچنے کیلئے محلہ کمیٹیاں بنالیں، مقبوضہ مغربی کنارے میں فائرنگ سے ایک بچے سمیت 4 فلسطینیوں کی شہادت کے بعد شہریوں نے کمیٹیاں تشکیل دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر تابڑ توڑ حملوں کے بعد مغربی کنارے میں بھی کشیدگی بڑھ گئی، مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کو صیہونی فوج کی مدد بھی حاصل ہے اس لئے علاقے میں خوف کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
فلسطینیوں نے آبادکاروں کے حملوں کو روکنے کے لیے گروپ، کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔وال اینڈ سیٹلمنٹس ریزسٹنس کمیشن سے تعلق رکھنے والے عامر داد کے مطابق مغربی کنارے میں 50 سے زائد مقامات پر نگرانی کرنے والے گروپ قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ آباد کاروں کے ممکنہ حملوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
