تہران:ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے صیہونی حکومت کے خلاف فلسطین کی تحریک مزاحمت کے آپریشن طوفان الاقصی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور یورپی حکومتیں فلسطینی قوم کے خلاف نفسیاتی جنگ اور زہریلا پروپیگنڈہ کر رہی ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے طوفان الاقصی آپریشن کو مزاحمتی گروہوں اور مظلوم فلسطینی عوام کا جائز حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپ اور امریکا جو فلسطینی قوم کے خلاف جاری جرائم کی ہمیشہ حمایت کرتے رہے ہیں، ظالم کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور فلسطینی قوم کے حقوق کی پامالی کو نظرانداز کرتے ہوئے ظالم کی حمایت کر رہے ہیں۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں دنیا کے بہت سے ممالک سامنے آئے ہیں جن میں اسلامی ملکوں کا نام قابل ذکر ہے، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے دعویداروں نے اسرائیلی جرائم پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور فلسطینوں کے سامنے مزاحمت کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں بچا ہے۔
