کابل : غزہ کی پٹی کے حالیہ واقعات کے ردعمل میں امارت اسلامیہ افغانستان نے دنیا بالخصوص اسلامی ممالک سے اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں پر تشدد بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کے وزارت خارجہ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں ہونے والے تازہ ترین واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسے واقعات کی وجہ صیہونی اسرائیلیوں کی طرف سے مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی اور مقدس مقامات کی بے حرمتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو بار بار توہین آمیز اور بے عزت کہا گیا ہے، امارت اسلامیہ فلسطینی عوام کی آزادی اور ان کے مقدسات کے دفاع اور مزاحمت کو اپنا جائز حق سمجھتی ہے، امارت اسلامیہ افغانستان فلسطین کی تاریخی سرزمین پر ایک آزاد ملک کے فلسطینی عوام کے جائز، تاریخی اور قانونی حق کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔
افغانستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں اسلامی ممالک، اسلامی تعاون تنظیم، عالمی برادری اور بالخصوص خطے میں اثرورسوخ رکھنے والے ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کو بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام اور تشدد سے باز رکھیں اور فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین کو حل کریں۔