اسلام آباد:نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری فوری طور پر بند کی جائے اور محاصرہ ختم کرکے دیگر امداد کو راستہ فراہم کیا جائے۔
مرتضی سولنگی نے کہاکہ مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور فلسطین کی 1967 سے پہلے کی حیثیت بحال کی جائے، پی او آر کارڈز رکھنے والے افغان پناہ گزینوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، غیر قانونی طور پر مقیم افغان پناہ گزینوں کو فوری طور پر پاکستان چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں حالیہ کشیدگی اسرائیل کی جانب سے سات دہائیوں پر محیط ناجائز قبضے، نہتے فلسطینیوں پر ظلم اور اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا نتیجہ ہے۔