اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے عوام پر واضح کیا گیا ہے کہ ووٹر لسٹوں میں اندراج یا کسی قسم کی تبدیلی 25 اکتوبر کے بعد نہیں ہوگی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت ووٹرز کی فہرستوں میں اپنے نام کا اندراج کروا لیں کیوں کہ ووٹر لسٹوں میں کوائف درست کرنے کی آخری تاریخ 25 اکتوبر ہے اور اس کے بعد اندراج یا ترمیم ممکن نہیں ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ ووٹر لسٹ میں اندراج، درستگی یا اخراج سے متعلق الیکشن کمیشن نے 25 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے، جس میں صرف 10 دن باقی ہیں۔ اسی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے ووٹر فہرستوں کو غیر منجمد کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مہلت کے دوران 25 اکتوبر تک اندراج یا کوائف درستی کروا لیں۔ ای سی پی کے مطابق اس فیصلے کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو انتخابی عمل میں شامل کرنا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش کے 8300 پر لکھ کر ارسال کریں اور اس طرح وہ ووٹ سے متعلق مطلوبہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں، جس کے بعد کوائف میں کسی قسم کی غلطی یا ترمیم سے متعلق ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس میں جاکر فارم جمع کروا سکتے ہیں۔