راولپنڈی: سیکورٹی فورسز کے وزیرستان میں کیے گئے الگ الگ آپریشنز میں 6 دہشت گرد مارے گئے جب کہ پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی اور وزیرستان کے علاقوں میں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیے گئے، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جب کہ پاک فوج کے 4 سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
اعلامیے کے مطابق 18 اور 19 اکتوبر کی شب شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان 2 الگ مقامات پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پہلی کارروائی منگنی شمالی وزیرستان کے علاقے غوریوم میں کی گئی، جہاں فوجیوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا۔ اس دوران آپریشن کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں میں ایک انتہائی مطلوب اور گروہ کا سرغنہ حضرت زمان عرف خاورے ملا تھا جو دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں سرگرم تھا۔ دہشت گردوں سے فائرنگ تبادلے میں پاک فوج کے لانس نائیک تبسم، سپاہی نعیم اختر اور عبد الحمید شہید ہو گئے۔
ایک دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اسمان منزہ میں کی گئی جہاں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 25 سالہ سپاہی فرمان علی شہید ہوگئے۔
سیکورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کیلیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔