اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست الیکشن کمیشن میں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے سابق وزیراعظم کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے ہٹانے کی درخواست مقرر کرنے کے ساتھ توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آئندہ ہفتے کے لیے جاری الیکشن کمیشن کی کاز لسٹ کے مطابق عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست منظور کیے جانے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے اور انہیں پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت 26 اکتوبر کو ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا 5 رکنی کمیشن عمران خان کے خلاف پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست گزار خالد محمود کو بھی اس سلسلے میں نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی تھی۔
دریں اثنا عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے مقدمات بھی سماعت کے لیے مقرر کردیے گئے ہیں، جن پر الیکشن کمیشن کا 4 رکنی بینچ 24 اکتوبر کو سماعت کرے گا، جس میں تینوں ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس سلسلے میں تینوں کو ذاتی حیثیت میں پیش لونے کی ہدایت کی گئی ہے۔