بنگلورو: ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے 62 رنز سے کامیاب ہوگیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے 18 ویں میچ یں آسٹریلیا نے پاکستان کو 368 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستانی ٹیم 46 ویں اوور میں 305 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستانی ٹیم میں امام الحق نے سب سے زیادہ 70 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق نے 64 اور محمد رضوان ففٹی کے قریب پہنچ کر 46 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ علاوہ ازیں سعود شکیل نے 30، افتخار احمد نے 26، کپتان بابراعظم نے 18، محمد نواز نے 14، شاہین آفریدی نے 10، حسن علی نے 8 اور اسامہ میر کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا نے 4، مارکس اسٹوئنس اور کپتان پیٹ کمنز نے 2، 2 جب کہ جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 50 اوورز کھیل کر 367 رنز بنائے، جس میں اوپننگ شراکت داری ہی 259 رنز کی تھی۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ مچل مارش نے 109 بالز کھیل کر 121 رنز بنائے جس میں 9 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ اسی طرح ڈیوڈ وارنر نے 163 رنز 124 بالز پر بنائے جس میں 9 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔
آسٹریلیا کے دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ نے 7، جوش انگلس نے 13، مارکس اسٹونس نے 13 رنز بنائے جب کہ گلین میکس ویل بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔ پاکستانی بالرز میں شاہین شاہ آفریدی نے 5 آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ حارث رؤف نے 3 بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ اسامہ میر بھی ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔