ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

قاہرہ کانفرنس اختلاف کی نذر، حتمی اعلامیہ جاری نہیں ہوسکا

قاہرہ: اسرائیلی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال اور جنگ بندی کے اقدامات کے لیے قاہرہ میں ہونے والی مختلف ممالک کے رہنماؤں کی کانفرنس میں اختلاف کی وجہ سے کوئی حتمی اعلامیہ جاری نہیں ہوسکا۔

اسکائی نیوز عربیہ کے نمائندے کے مطابق قاہرہ امن سربراہی اجلاس، جو ہفتے کے روز غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بات چیت کے لیے منعقد کیا گیا تھا، اس کے شرکاء کے درمیان اختلاف رائے کی وجہ سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ”مغربی ممالک کے نمائندے چاہتے تھے کہ اس بیان میں صرف حماس کی تحریک کی مذمت شامل ہو، جبکہ غزہ میں ہزاروں شہریوں کے قتل پر اسرائیل کی مذمت کرنے یا فوری جنگ بندی اور محصور پٹی میں انسانی امداد پہنچانے کا مطالبہ کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم مصر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر فلسطینی کاز کو ختم کرنے کے مطالبات کو قبول نہیں کرے گا۔

قاہرہ سمٹ میں عرب اور یورپی ممالک کے نو رہنما اور پانچ وزرائے اعظم کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور افریقی یونین کے اعلیٰ سطحی نمائندے بھی شامل تھے۔

قاہرہ امن سمٹ میں فلسطین کے صدر محمود عباس، اردن کے شاہ عبداللہ دوم، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی، متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان، صدر محمد اوولد غزوانی ،لیبیا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین محمد المنفی، جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا، قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائڈز اور کویت کے ولی عہد مشال الاحمد الجابر الصباح،عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس، یورپین کونسل کے صدر چارلس مشیل اور افریقی یونین کمیشن کے چیئرپرسن موسی فاکی بھی شریک ہوئے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں